جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں 7.4 درجے شدت کا زلزلہ

154

ٹوکیو ۔ 22 نومبر (اے پی پی) جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں منگل کی صبح 7.4 درجے شدت کے زلزلہ کے بعد 1.4 میٹر بلند سمندری لہریں ساحلی علاقے سے ٹکرا گئیں تاہم فوری طور پر کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ جاپانی اخبار کے مطابق زلزلے کے باعث فوکو شیما جوہری بجلی گھر کے ایک پلانٹ کا کولنگ سسٹم بند ہو گیا۔ جاپان کی نیوکلیئر ریگولیشن اتھارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صبح 5 بج کر 59 منٹ پر آنے والے شدید زلزلے کے 11 منٹ بعد ری ایکٹر نمبر 3 کا کولنگ سسٹم ٹینک میں پانی کی سطح میں تبدیلی کے تحت خود کار طریقے سے بند ہوگیا۔ تاہم مکمل معائنے کے بعد اسے 7 بج کر 47 منٹ پر دوبارہ چلا دیا گیا۔ جاپانی حکام کے مطابق زلزلے کے فوری بعد میاگی اور فوکو شیما کے ساحلی اضلاع کےلئے سونامی وارننگ جاری کی گئی اور ان علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔