وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

110

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے منگل کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔

وزارت اطلاعات میں اپنے دفتر آمد پر سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت کے دیگر اعلی ٰافسران نے وزیر اطلاعات و نشریات کا پرتپاک خیرمقدم کیا، انہیں وزارت کے امور کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

مریم اورنگزیب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میڈیا ہائوسز، تنظیموں اور صحافتی برادری کی بہبود کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔

وفاقی وزیر نے پیکا آرڈیننس 2016 پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کا اعلان کیا ۔ ان کا کہنا تھاکہ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا کو فعال بنایا جائے گا اور ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی اور حکومت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے وزارت اطلاعات ونشریات کا کردار اہمیت کا حامل ہے،ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پی ٹی وی اور اے پی پی سمیت وزارت کے تمام اہم اداروں پر اس وقت ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال میں عوام کو درست معلومات کی فراہمی کیلئے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،وزارت اطلاعات کے عوام کو مستند معلومات اور خبروں کی فراہمی میں اہم کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وزارت اطلاعات کے تمام ادارے عوامی مفاد کے پیش نظر اپنے پیشہ وارانہ امور کو بہتر انداز میں انجام دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات اور میڈیا اداروں کے درمیان روابط کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات، ایم ڈی پی ٹی وی اور ایم ڈی اے پی پی سمیت وزارت کے دیگر اعلی ٰ افسران بھی موجود تھے