وزارتِ ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ

52

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزارتِ ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے ظفر زمان رانجھا نے وزیر ریلوے کا استقبال کیا۔سی ای او ظفر زمان رانجھا نے وفاقی وزیر کو ریلوے کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسافروں کے لئے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا کام وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے 2018 میں رکا تھا۔ انہوں نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نہ آپ کو کوئی سفارش کی جائے گی نہ ہی آپ پر کوئی سیاسی دباؤ ڈالا جائے گا۔ تمام منصوبے دیانتداری سے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اب ہم نے ریلوے کو پٹڑی پر بھی چڑھانا ہے اور اس کی رفتار بھی بڑھانی ہے۔ادارے کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ عوام کی سہولت کے لئے عید کے دنوں میں سفری کرایوں میں کمی کی جائے، ملک کی معاشی صورتحال بہت گھمبیر ہے،

لہذا جو پرزے ہماری ورکشاپوں میں بن سکتے ہیں، ان کو درآمد نہ کیا جائے۔ٹرینوں کی صفائی کے حوالے سے لوگوں کی بہت شکایات ہیں، اس ضمن میں کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے اور سروس کا معیار ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جائے۔وزیر ریلوے کو ہرنائی-سبی اسٹیشن کی بحالی پر بھی بریفنگ دی گئی۔