اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

61
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا نہ صرف برادر ملک ہے بلکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم شراکت دار بھی ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات مذہب، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،دونوں ممالک مشترکہ خوشحالی اور علاقائی ترقی کے ایک جیسے اہداف رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں جن کی جڑیں مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی شراکت داری سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین علاقائی اور عالمی مسائل پر سیاسی نظریات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں پائی جانے والی ہم آہنگی کی بدولت دونوں ممالک کو متفرق شعبوں میں اسٹریٹجک، وسیع البنیاد اور جامع شراکت داری کو فروغ دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے اپنے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے مدد فراھم کر سکتی ہے۔بھارتی افواج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی طرف اماراتی سفیر کی توجہ مبذول کراتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ عالمی برادری معصوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس کے حل کے لیے کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کا براہ راست تعلق علاقائی ترقی اور خوشحالی سے جڑا ہوا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان ایشیا کے سب سے بڑے تجارتی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کوریڈور پر واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے طریق کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں بے پناہ اقتصادی مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو پاکستان کی قومی اسمبلی کا بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام مذہب، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات معاشی اور سماجی شعبے کی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بےپناہ اقتصادی مواقع موجود ہیں اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار یقیناً اس سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ اپنے ممالک کو مزید قریب لا سکتے ہیں۔متحدہ عرب امارات میں تارکین وطن کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن متحدہ عرب امارات کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔