وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت ڈویژنل ریویو کمیٹیوں کاافتتاحی اجلاس

98
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات

کوئٹہ۔21اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت ڈویژنل ریویو کمیٹیوں کاافتتاحی اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے بھی شرکت کی مشیر داخلہ میر ضیاءلانگو، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی نارتھ، اے سی ایس داخلہ، سیکرٹری خزانہ، کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے جبکہ آئی جی ایف سی سائوتھ جنرل آفیسرزاور ڈویژنل کمشنروں نے بذریعہ زوم لنک اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ہاشم غلزئی نے ڈویژنل ریویو کمیٹیوں کے قیام کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی ۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ صوبے میں گڈ گورننس اور سرکاری امورکی انجام دہی کی بہتری کیلئے محکمہ داخلہ کے زیر انتظام صوبے، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر جائزہ کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جس کا مقصد تعلیم، صحت، معیشت، توانائی، معدنیات، تجارت اور زراعت کے شعبوں میں بہتری لانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ہے۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ تین سطحوں پر مشتمل کمیٹیوں کو صوبائی سطح پر وزیراعلیٰ بلوچستان، ڈویژنل سطح پر کمشنرز اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنرز چیئر کریں گے جائزہ کمیٹیوں کے ذریعے اچھی سروس ڈیلیوری، شراکت داری کی بنیاد پر ترقیاتی اقدامات اور صوبے میں امن وامان برقرار رکھنے کے اہداف کاحاصل کیا جانا ہے کمیٹیوں کے ذریعے پبلک ہولڈر دفاتر کا احتساب، انتظامیہ، سول سوسائیٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین بہتر کوآرڈنیشن کو بھی یقینی بنانا ہے اجلاس کو بتایاگیا کہ کمیٹیاں اپنے ٹی او آرز میں شامل نکات پر عمل پیرا رہیں گی سرمایہ کاری، امن وامان، بارڈر مینجمنٹ مکینزم، لاپتہ افراد،

چیک پوسٹوں پر چیکنگ مکینزم نوجوانوں کیلئے روزگار، طویل مدتی اور وسط مدتی سوشیو اکنامک انیشیٹیو جسے ضروری عوامل ان ٹی او آرز کا حصہ ہوں گے اجلاس کو بتایاگیا کہ جائزہ کمیٹیاں تسلسل کے ساتھ اپنے اجلاس منعقد کریں گی اورحکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جائزہ کمیٹیوں کے قیام کا مقصد عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی ہے اداروں کے درمیان کوآرڈنیشن نہ ہونے سے عوام کے مسائل کے حل میں رکاوٹیں رہتی ہیں کمیٹیوں کے قیام سے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے تصور کو عملی جامہ پہنانے میں پیشرفت ہوگی وزیراعلیٰ نے کہا کہ شفافیت اور قانون کی عملداری سے انصاف پر مبنی خوشحال معاشرے تشکیل پاتے ہیں اور ہماری حکومت عوام اور تمام سٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے ایسے ہی معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈویژنل کمشنراور ڈپٹی کمشنرعوام کے خادم ہیں لہذا وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں فیلڈ کے افسران اپنے اختیارات کے صحیح استعمال کے ذریعہ عوام کو ریلیف دیں کہ انہیں کوئٹہ نہ آنا پڑے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ افسران عوامی خدمت کے جذبے کو مقدم رکھتے ہوئے ترقیاتی عمل میں کسی بھی کمی کوتاہی کی نشاندہی کریں تاکہ جو بھی کمزوریاں ہوں ان پر بروقت قابو پایا جاسکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ کے طول و عرض میں یکساں ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کہا کہ ڈویژنل جائزہ کمیٹیوں کا قیام عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے ترقیاتی عمل اوردیرپا امن کے قیام میں عوام کی شراکت داری کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے انہوں نے کہا کہ ڈویژنل جائزہ کمیٹیوں کو حکومت اور اداروں کی مکمل سرپرستی حاصل رہے گی انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کا تسلسل سے انعقاد اہمیت کا حامل ہوگا جس سے پالیسی ساز اداروں تک عوامی مسائل کا اداراک ہوگا اورصوبے کے دوردراز پسماندہ علاقوں کے عوام کے مسائل کی شنوائی اور جائزہ کمیٹیوں کے ذریعہ ان مسائل کا بہتر انداز سے حل ممکن ہوسکے گا۔