پاکستان فرنیچر کونسل کی چھٹی ”انٹیریئرز پاکستان نمائش“ میں شرکت کے لئے غیر ملکی وفود کی آمد (کل) شروع ہوگی
نمائش کا مقصد پاکستانی فرنیچر مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے،میاں کاشف اشفاق
اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) پاکستان فرنیچر کونسل کی چھٹی ”انٹیریئرز پاکستان نمائش“ میں شرکت کے لئے چین، ترکی، تائیوان، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک سے وفود کی آمد (کل) جمعرات شروع ہو جائے گی۔ تین روزہ نمائش جمعہ سے لاہور میں شروع ہوگی۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے جنرل منیجر حامد محمود نے کہا ہے کہ غیر ملکی وفود پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کی دعوت پر نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ پی ایف سی نمائش میں شرکت کے لئے آنے والے وفود کے تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا مقصد پاکستان کی تیار کردہ فرنیچر مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے۔ اس نمائش میں ملکی و غیر ملکی برآمد و درآمد کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔ غیر ملکی وفود کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔