سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات

88

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سعودی عرب بے لوث دوست ہے جو آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے،دونوں برادر ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط اس دوستی میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مثبت پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے۔ان خیالات کا انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ممالک نے بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ آزمائش کی گھڑی میں پوری اترنے والی سدا بہار دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کے بندھنوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ سپیکر نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سپیکر کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اور عوام پاکستانیوں کو اپنے دل کے قریب رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان پارلیمانی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا اور اپنی ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔