وفا قی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری کی وزارت بین الصوبائی رابطہ آمد، وزارت کے حکام نے بریفنگ دی

99

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفا قی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام سے ملاقات کی اور وزارت کے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے کے بعد وزارت کے عملے سے پہلی باضابطہ ملاقات ہے جس میں سیکرٹری وزارت بین الصو بائی رابطہ نے وفاقی وزیر کو وزارت کے آپریشنز اور مینڈیٹ کے بارے میں بتایا اوراس کے مختلف حصوں اور ونگز کے کردار کی وضاحت کی اور وزارت میں جاری مختلف پروگراموں کے بارے میں تفصیلات بتائیںاور بریفنگ دی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ ملک کی کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور وفا قی وزیر کو پی ایس بی کے کر دار، بجٹ اور بورڈ کے حوالے سے پریزنٹیشن دی گئی اور ڈی جی کرنل آصف زمان کا وزیر سے تعارف کرایا اور مختلف سکیموں کا جائزہ لیا ۔

وفاقی وزیر سے مو جو دہ ، نئی قومی کھیل پالیسی کے نمایاں خدوخال اور اس کے حل کے لیے بات کی گئی۔ شرکاءکو بتایا گیا کہ سپورٹس یونیورسٹی کا قیام بھی وزارت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاقی و زیر کو بتایا گیا کہ کھلاڑیوں کے لیے کیش ریوارڈ پالیسی بھی زیر غور ہے کیو نکہ اسے اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ایتھلیٹس کے ڈیٹا بیس اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو ٹریک کرنے میں مدد مل سکے۔ وفا قی وزیر نے مختلف اقدامات پر کام کو تیز کرنے پر زور دیا اوراہم مسائل پر الگ الگ تفصیلی میٹنگز کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر نے ریمارکس دیئے کہ کھیل اور سیاحت ملک کے سافٹ امیج کو فروغ دینے کے لیے لازم و ملزوم ہیں اور ہم ملک کے سافٹ امیج کو بڑھانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔سیکرٹری آئی پی سی نے وفاقی وزیر کووزارت کی اہم کامیابیوں اور 14ویں ساو¿تھ ایشین گیمز کے انعقاد اور فیفا کی رکنیت کے بحران کو حل کرنے میں اس کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔چونکہ وزیر اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے یوتھ اینڈ اسپورٹس رہ چکے ہیں، اس لیے وہ ملک میں کھیلوں کے منظر نامے سے بخوبی واقف ہیں اور بہت سے مسائل اور اسٹیک ہولڈرز کو پہلے سے جانتے ہیں۔

اجلاس میں پی ایس بی، فیڈرل لینڈ کمیشن، نیشن انٹرن شپ پروگرام، محکمہ سیاحتی خدمات، آئی پی سی سی، گن اینڈ کنٹری کلب اور پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل کے افعال، کردار اور مینڈیٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اگلے ہفتے پی ایس بی اور قومی کھیل پالیسی سے شروع ہونے والی آئی پی سی کی وزارت سے متعلق انفرادی موضوعات اور تنظیموں پر روزانہ کی مختلف میٹنگوں کا آغاز ہوگا۔ وفاقی وزیر نے عید سے قبل بریفنگ سمیٹنے پر زور دیا ۔