سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کا دورہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد انور نے ادارہ کے بارے میں بریفنگ دی

70

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پیر کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز کا دورہ کیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی کا پپس بورڈ آف گورنرز کی صدارت سنبھالنے کے بعد ادارے کا پہلا دورہ تھا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پپس محمد انور نے اسپیکر کو ادارہ کے قیام کے اغراض مقاصد اور اس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

اسپیکر نے پپس میں جدید پارلیمانی علوم کے کورسز متعارف کرانے کے علاوہ ادارہ کی کارکردگی کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام کے بہترین مفاد میں قانون سازی کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے نوجوان پارلیمنٹیرینز پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ پپس کو اپنے اپ کو قانون سازی اور قانون نویسی کے شعبہ جات میں ایک جدید درسگاہ کے طور پر متعارف کرنا چاہیے۔

اسپیکر نے پیپس کی عمارت کے مختلف دفاتر کا بھی دورہ کیا اور پپس کی سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ کو سراہا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی یہ ادارہ اپنے اہداف کی تکمیل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پپس محمد انور نے اسپیکر کی ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو پپس کے بنیادی کام کے بارے میں بریف کیا۔

انہوں نے قانون سازی کی تحقیق، پارلیمانی تحقیق، پارلیمانی معاون عملے کے استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی سیشن کے انعقاد کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال پپس کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی مختلف سرگرمیوں جیسے ایس ڈی جی پر گول میز کانفرنس، جی بی اسمبلی ٹریننگ سیشن، بلوچستان اسمبلی کے لیے تین روزہ آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔