وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل کی گورنر اسٹیٹ بینک اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے ہمراہ لندن میں عالمی بانڈ ز میں سرمایہ کاری کرنے والے معروف سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں

51

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد کے ہمراہ نے پیر لندن میں عالمی بانڈ ز میں سرمایہ کاری کرنے والے معروف سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں۔ سرمایہ کاروں کے ساتھ میٹنگ کی میزبانی جے پی مورگن نے لندن میں اپنے یورپی ہیڈکوارٹر میں کی۔

عالمی ڈیٹ مارکیٹ میں شامل عالمی سرمایہ کاروں ساورن فنڈ،اورہیج فنڈزکے 30 سے زیادہ سرمایہ کاروں جن کاتعلق شمالی امریکہ، یورپ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا سے ہیں نے ان میٹنگز میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کو گزشتہ ہفتے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کے ساتھ اپنی بات چیت اور توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت ساتویں جائزے کو مکمل کرنے کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے معاشرے کے معاشی طورپرکمزورطبقات کو بڑھتی ہوئی عالمی افراط زر سے محفوظ رکھتے ہوئے دانشمندانہ اور ذمہ دارانہ مالیاتی پالیسی کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے پروگرام کی مدت کو جون 2023 تک بڑھانے کی خواہش کی توثیق کی ۔

سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے لندن میں کامیاب سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد پر جے پی مورگن کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔