بھارت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کرکے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، طلال چوہدری

101

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ایل او سی پر فائرنگ کرکے تباہی کو دعوت دے رہا ہے، پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا جا رہا ہے، اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہیں 12 سالوں بعد بڑھی ہیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کرکے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتہاءپسندی اور جبر پر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے جبکہ سفارتی سطح پر بھارت جنگ ہار چکا ہے، پاکستان عملی طور پر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافہ کے حوالہ سے کہا کہ حکومت نے 12 سالوں بعد اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جو ناکافی ہے جبکہ اراکین کی تنخواہوں میں دوگنا اضافہ کیا جانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2004ءمیں اراکین کی تنخواہیں بڑھی تھیں۔