پاکستان کی حکومت ٹیکنالوجی کی صنعت کے لیےسازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کا ٹیک سمٹ 2022 سے خطاب

67
Ambassador Masood Khan
Ambassador Masood Khan

واشنگٹن۔27اپریل (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان حکومت ٹیکنالوجی کی صنعت کے لیےسازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور یہ وقت ٹیکنالوجی کے شعبے میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا وقت ہے ۔

انہوں نے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو کے علاقہ سیلیکون ویلی میں ٹیک سمٹ 2022 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ہماری مدد کرنے کے لیے تیار ہے اور ہم امریکی ٹیکنالوجیز میں جدت کو مربوط کرکے انفارمیشن ٹیکنالوجی انقلاب میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ یہ اجلاس پاکستان کے کاروباری رہنماؤں، ٹیک انٹرپرینیورز اور ٹیکنالوجی ماہرین کو اکٹھے ہو کر آپس میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے تاکہ سلیکون ویلی اور پاکستانی سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے درمیان پل تعمیر کریں اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کر سکیں ۔

سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر کی ہے اور متوسط ​​طبقے میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے جلددس کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ نوجوانوں اور بڑھتے ہوئے متوسط طبقے کے مل کر کام کرنے سے ملک میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کے روشن امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18 مہینوں میں پاکستان میں ٹیک سٹارٹ اپس نے بنیادی طور پر امریکا سے نصف بلین ڈالر کمائے ہیں اور یہ شعبہ موجودہ دہائی میں کئی ارب ڈالر کمانے کے لیے تیار ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ حکومت پاکستان ٹیک انڈسٹری کے لیےدوست ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی،اس سلسلے میں قواعد و ضوابط کو کاروبار دوست بنایا جا رہا ہے، کاروبار کرنے میں آسانی اولین ترجیح ہے اور وینچر کیپیٹلسٹ کو مراعات دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کے لیے پیش کی جانے والی مختلف مراعات کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ سرمایہ کاروں کو اپنے فنڈز کی واپسی میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈیٹا کے تحفظ پر قانون سازی جاری ہے اور املاک دانش سے متعلق مسائل کو حل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ سیلیکون ویلی کو منسلک کرنے کے لیے بے ایریا میں قونصلیٹ جنرل کھولنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کا مقصد ہم پاکستان میں سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی اور ترقی ہے۔ انہوں نے اجلاس کے شرکا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سربراہی اجلاس کے دوران اپنے خیالات کو شیئر کریں اور ان علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں حکومت اور سفارت خانے مدد کر سکتے ہیں۔