وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین سے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے وفدکی ملاقات، چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی

43
وزیراعظم کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کریں گے، رانا تنویر حسین

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سےبین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے وفد نے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی کی سربراہی میں بدھ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کے ارکان میں پروفیسر ڈاکٹر این بی جمانی، نائب صدر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس، پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، نائب صدر ریسرچ اینڈ انٹرپرائز، نائب صدر خواتین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ ملک اور پروفیسر ڈاکٹر ایاز افسر، نائب صدر اکیڈمکس شامل تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت معیاری تعلیم کے فروغ کے اقدامات اور معاشرے کی تعمیر میں یونیورسٹیوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرریکٹر اور نائب صدور نے رانا تنویر حسین کو وزیر تعلیم کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ رانا تنویر حسین نے معاشرے کی تعمیر و خدمات میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو باہمی روابط بڑھانے اور دو طرفہ اشتراک سے تعلیم و تحقیق کے منصوبوں کے مواقع دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو باہمی تعاون کے ذریعے تجربات کے تبادلے کو بھی فروغ دینا چاہیے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو نوجوانوں کو اس طرح تیار کرنا چاہیے کہ وہ جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں تاکہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں تعمیری کردار ادا کر سکیں۔ قبل ازیں ریکٹر جامعہ نے وزیر تعلیم کو جامعہ کی تاریخ اور اس کے تعارف پر تفصیلی بریفنگ دی. انہوں نے یونیورسٹی کے وژن، مستقبل کے منصوبوں اور تعلیمی بہتری کے لیے حکمت عملی سے آگاہ کیا اور ان کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نو تشکیل کردہ سٹریٹجک پلان کا مسودہ بھی پیش کیا۔

ریکٹر جامعہ نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پاک سعودی تعلقات کی بہترین مثال ہے جہاں سعودی حکومت کے تعاون سے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں 80 کنال پر محیط مسجد سلمان بن عبدالعزیز تعمیر کی جاے گی جس کی منظوری خادم حرمین شریفین نے دے دی ہے. ریکٹر جامعہ نے وفاقی وزیر کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں جامعہ کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام آئندہ ماہ امن کے موضوع پر اسلامی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی بھی دعوت دی.

ریکٹر جامعہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم میں بہتری کے لیے وزیر تعلیم کے وژن کی روشنی میں جامعہ کے امور کو آگے بڑھائیں گے. ڈاکٹر معصوم نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے اسلام کی حقیقی تعلیمات اور اقدار کو عام کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر تعلیم کی قیادت میں یونیورسٹی معیاری تعلیم کے مطلوبہ اہداف حاصل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کا براہ راست تعلق معیاری تعلیم سے ہے جبکہ تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔