چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کا کورٹ کمپلیکس کا دورہ

188

میرپور( آزاد کشمیر )۔ 27 اپریل (اے پی پی):چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ آج کورٹ کمپلیکس ریاست جموں و کشمیر کا مثالی فلاحی ادارہ ہے۔جس نے 2005کے زلزلہ کے متاثرین کی مالی امداد کے ساتھ زلزلہ متاثرہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے ساتھ ان کی تعلیم وتربیت کے سفر کا آغاز کیا آج کورٹ کا آزاد کشمیر و پاکستان میں بڑا نام ہے جس کا دائرہ کار دن بدن وسیع ہورہا ہے اس کا کریڈٹ چوہدری محمد اختر اور ان مخیر حضرات کو جاتا ہے جو اس ادارے کی خدمت کے لئے مالی معاونت کررہے ہیں۔

جہاں سماجی سیکٹر میں اس کے طرح کے اداروں نے عوامی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کر رکھا ہو وہ معاشرے کبھی زوال پذیر نہیں ہوتے۔یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت بھی کسی عبادت سے کم نہیں ہے۔ہماری دعا ہے کہ کورٹ مزید ترقی کرئے اور اس کی کارکردگی دیکھ کر دیگر سماجی تنظیمیں بھی اس طرح کے عوامی خدمت کے میگاپراجیکٹس پر کام کریں تاکہ معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقہ کو بھی ریلیف مل سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر کی طرف سے کورٹ کے بچوں کے ہمراہ گرینڈ افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس محمد یونس طاہر، ممبر اسمبلی محترمہ نبیلہ ایوب،ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر خالد محمود چوہان،اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو محمد شکیل،صدر بار امتیاز حسین راجہ،سابق ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری ذوالفقار اعظم،سابق چیئرمین ایم ڈی اے چوہدری محمد حنیف،سابق ایم ڈی اے جے کے بینک راجہ ممتاز، سابق ڈائریکٹر کالجز پروفیسر انجم افشاں نقوی،سابق رجسٹرار مسٹ پروفیسر وارث جرال کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔کورٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر نے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر کو کورٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کروایا اور بریفننگ دی۔