وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی چینی سفارتخانہ آمد، دہشت گردوں کے حملے میں جانی نقصان پر چینی حکام سے اظہار تعزیت

84

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کراچی میں چینی باشندوں پر دہشت گردوں کے حملے میں جانی نقصان پر چینی حکام سے اظہار تعزیت کے لئے بدھ کو یہاں چین کے سفارت خانے گئے۔ دفترخارجہ کے بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ نسل در نسل وفاؤں کا ایک سلسلہ ہے، دہشت گردوں نے پاک چین دوستی کی اساس پر ضرب لگانے کی ایک ناکام کوشش کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم ارادے، پاک چین دوستی کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔ وزیر خارجہ نے چینی سفارت خانے میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔