کراچی۔27اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کے واقعہ میں چینی شہریوں کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جلد مجرموں تک پہنچ جائیں گے، پاک۔چین تعلقات خراب کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو چینی قونصلیٹ آمدکے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پرکراچی پہنچے ہیں۔ وزیر داخلہ نے چینی قونصل جنرل لی بیجیان سے کراچی بم دھماکے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے چینی قونصل جنرل کو وزیر اعظم پاکستان کا خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ وزیر داخلہ نے وزٹرز بک میں کراچی واقعہ سے متعلق اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر چینی شہریوں کی تعزیت کے لئے قونصلیٹ آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ اور افسوس ہے، دہشت گردی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے، واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، مجرمان تک جلد پہنچ جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کراچی واقعہ کی تحقیقات کو خود مانیٹر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ،سکیورٹی ایجنسیز اورسندھ حکومت مل کر واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں، دہشت گردی واقعہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نےکہا کہ چینی شہریوں کی ہلاکت پر پوری پاکستانی قوم افسردہ ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چین پاکستان کاسب سے قابل بھروسہ دوست ہے، پاک ۔چین تعلقات خراب کرنے کی ہر کوشش اور سازش کو ناکام بنا دیں گے۔