ملک کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جیسے وزیر خارجہ کی ضرورت ہے ، شازیہ مری

235

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملک کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جیسے وزیر خارجہ کی ضرورت ہے ،عمران خان نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کردیا تھا اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا شہید اور والدہ شہید کی طرح ملک کا وقار بحال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے عالمی سطح پر ملک کو باوقار ممالک میں شمار کرایا تھا ،آزاد، خود مختار اور باوقار خارجہ پالیسی ہمارا بنیادی اصول ہے اوردنیا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوبہترین وزیر خارجہ کی حیثیت سے دیکھے گی۔ انکا مزید کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت کو بے شمار مسائل ورثے میں ملے ہیں اور یقین ہے پاکستان تمام مشکلات سے نجات حاصل کرے گا۔بلاول بھٹو زرداری کا وزیر خارجہ بننا دنیا کیلئے بہترین پیغام ہے اوردنیا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی امن اور جمہوریت کیلئے جدوجہد کی قدر کرتی ہے۔