ایوانِ صدر میں یتیم بچوں کی میزبانی کرنا ایک اعزاز ہے ، ڈاکٹر عارف علوی

60
صدر مملکت

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایوانِ صدر میں یتیم بچوں کی میزبانی کرنا ایک اعزاز ہے اور یہ میری زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک ہے۔ بدھ کو ایوانِ صدر میں یتیم بچوں کیلئے افطار ڈنر کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ ان پیارے چھوٹے بچوں کی میزبانی کرنا، ان سے بات کرنا، گھلنا ملنا، انکے خوابوں کے بارے میں پوچھنا، انہیں اچھی تعلیم کی ترغیب دینا، انکے ساتھ تصویریں بنوانا، میرے لیے یقیناََ اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سورۃ الضحی پر عمل کرنے کی کوشش ہی کر سکتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ہمیشہ بچوں سے سچی محبت کی، ایک مرتبہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ایک افسردہ یتیم بچے کو گھر لے گئے اور اسے تیار کر کے اپنے ساتھ مسجد لائے۔ اس قسم کے واقعات میں معاشرے کے لیے ہدایت ہے۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتونِ اول بیگم ثمینہ عارف علوی کی جانب سے ایوانِ صدر میں یتیم بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔