پی ٹی آئی کے 20 ارکان قومی اسمبلی پر آرٹیکل 63 اے کا نفاذ نہیں ہو سکتا، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

87
constitutional

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 20 ارکان قومی اسمبلی پر آئین کے آرٹیکل 63 اے کا نفاذ نہیں ہو سکتا کیونکہ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ نہیں ڈالا اور نہ ہی انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے ووٹ کاسٹ کیا۔

جمعرات کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 20 اراکین قومی اسمبلی اب بھی پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور انہیں ناراض نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راجہ ریاض اور نور عالم خان نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزیراعلیٰ سے استعفیٰ کی تصدیق کے لیے سردار عثمان بزدار کو فون کیا تھا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اور اس وقت عثمان بزدار بھی ان کے ساتھ کھڑے تھے۔