رواں سال 81 ہزار 132 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، نجی سکیم کا کوٹہ 60 فیصد ہوگا،آن لائن حج درخواستوں کی وصولی 50 ہزار روپے ٹوکن منی کے ساتھ یکم سے 13 مئی تک ہوگی ، وفاقی وزیر مذہبی امور کی پریس کانفرنس

102

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ رواں سال 81 ہزار 132 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، یہ کوٹہ 40 فیصد سرکاری اور 60 فیصد نجی سکیم کے تحت تقسیم کیا جائے گا، آن لائن حج درخواستوں کی وصولی یکم سے 13 مئی تک ہوگی جبکہ 50 ہزار ٹوکن منی کی وصولی حکومت کے منظور کردہ شریعہ اکائونٹ کے حامل بینکوں میں 9 تا 13 مئی تک جمع کرائی جا سکیں گی، سرکاری سکیم کے تحت حج پیکیج 7 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک ہونے کا امکان ہے، حج کیلئے عمر کی بالائی حج 65 سال مقرر کی گئی ہے۔

جمعہ کو وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی وجہ سے دنیا کے ہر شعبہ کی طرح حج اور عمرہ بھی متاثر ہوا، سعودی حکومت نے 2020ء اور 2021ء میں صرف مقامی طور پر حج کی اجازت دی، اﷲ کا شکر ہے کہ اب سعودی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر حج کا اعلان کیا ہے جس کیلئے ہم سعودی فرمانروا اور ولی عہد کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال سعودی حکومت کی جانب سے حج تعلیمات کا اعلان نہ ہونے اور لازمی حج اخراجات کی تفصیلات اب تک نہ بتانے پر حج کی تیاریوں کا عمل تاخیر کا شکار ہوا ہے، پہلے ہمیں سات سے آٹھ ماہ کا وقت مل جاتا تھا لیکن اس سال سعودی حکومت کی جانب سے کوویڈ۔19 کے ایس او پیز پر عملدرآمد کی وجہ سے حج تعلیمات کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہے جس کی وجہ سے تیاریوں کیلئے بڑا قلیل وقت ہے جو ایک بہت بڑا چیلنج ہے، حج ڈائریکٹوریٹ جنرل جدہ مسلسل سعودی اداروں کے ساتھ رابطہ میں ہے، سعودی تعلیمات کے مطابق ہمیں حج تیاریوں سے 15 شوال تک حتمی طور پر انہیں آگاہ کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان ساری مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں وقت کے ضیاع سے بچنے کیلئے حج درخواستیں مبلغ 50 ہزار روپے ٹوکن منی کے ہمراہ جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے، آن لائن درخواستیں یکم تا 13 مئی 2022ء تک لوگ جمع کرا سکتے ہیں جبکہ ان درخواستوں کی ٹوکن منی 9 تا 13 مئی تک منظور شدہ بینکوں میں جمع ہوں گی، وہ خواہشمند افراد جو ٹوکن منی اور درخواست فارم بینک میں ہی اکٹھے ہی جمع کرانا چاہتے ہیں وہ حکومت کے منظور کردہ شریعہ اکائونٹ کے حامل بینکوں میں 9 تا 13 مئی تک جمع کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال سعودی عرب کی جانب سے کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے 65 سال تک عمر مقرر کی گئی ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق رواں سال سرکاری سکیم کے حج پیکیج 7 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال دنیا بھر کیلئے سعودی عرب نے حج کی روایتی تعداد میں کمی کرتے ہوئے تقریباً 45 فیصد یعنی 10 لاکھ افراد کا کوٹہ تمام مسلم ملکوں میں تقسیم کیا ہے جس کے بعد پاکستان کے حصہ میں 81 ہزار 132 کا کوٹہ ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے کورونا ایس او پیز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عازمین حج کیلئے سفارش کردہ کوویڈ ویکسین اور بوسٹر ڈوز لگوانا لازمی ہو گی اور روانگی سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہو گا۔ پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مدینہ منورہ میں پیش آنے والے گذشتہ روز کے واقعہ پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جس کسی کے ساتھ ماضی میں یا اب ایسا واقعہ پیش آیا قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔