وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا چین کے سفارت خانہ کا دورہ

58

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے اسلام آباد میں چین کے سفارت خانہ کا دورہ کیا اور چینی ناظم الامور پانگ چنکسو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان نے کراچی وین حملے کی مذمت کی اور چین کی حکومت اور عوام سے واقعہ پر افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے چینی سفارتخانے میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی تاریخی اور بے مثال ہے، شرپسندوں کے کسی حملے کی وجہ سے پاکستان اور چین کے تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا۔ شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون جاری و ساری رہے گا۔