وزیراعظم شہباز شریف کا یوم القدس پر پیغام

114

اسلام آباد ۔29اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے یوم القدس پر بہادر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور الگ خودمختار ریاست کے عالمی عہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اور اسرائیل کے ناجائز قبضہ کے خلاف منظور کردہ قراردادوں پر عمل اور ان دیرینہ تنازعات کا منصفانہ حل ہی دنیا اور خطوں میں پائیدار امن لا سکتا ہے، عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دو ریاستی حل سے متعلق معاہدوںپر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے عملی کردار ادا کرے ۔

جمعہ کو یوم القدس پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ برادر ملک ایران کی طرف سے 1979 میں شروع ہونے والے اس عالمی دن کا مقصد امت مسلمہ کی جانب سے اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں اور بچوں کے حقوق کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھا ، یروشلم الگ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیاگیا ہے جہاں واقع قبلہ اول تمام مسلمانوں کی روح کی تسکین کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو اس دن فلسطینیوں پر قابض صیہونی افواج کے قبضے، وحشیانہ حملوں، قتل وغارت گری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی جاتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند انسانوں کی آواز میں آواز ملا کر فلسطینیوں پر صیہونی ریاستی مظالم کی مذمت کرتا ہے ، ہر رمضان المبارک میں بالعموم اور یوم القدس پر بالخصوص صیہونی ریاستی ظلم وجبر کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دو ریاستی حل سے متعلق معاہدات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے عملی کردار ادا کرے ،غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اور اسرائیل کے ناجائز قبضہ کے خلاف منظور کردہ قراردادوں پر عمل اور ان دیرینہ تنازعات کا منصفانہ حل ہی دنیا اور خطوں میں پائیدار امن لا سکتا ہے، ہم جموں و کشمیر اور فلسطین کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور کشمیریوں اور فلسطینیوں کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔