سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا چینی سفارتخانے کا دورہ

81

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے وفد نے چیئرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین کی سربراہی میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا ۔ وفد میں سینیٹرز مشتاق احمد، زرقہ سہروردی، فیصل جاوید، انوارالحق کاکڑ کے علاوہ ایڈیشنل سیکریٹری سینیٹ/سیکریٹری دفاع کمیٹی میجر(ر) حسنین حیدر شامل تھے ۔چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چن زوئی نے وفد کا استقبال کیا ۔

وفد نے جامعہ کراچی میں دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں چینی اساتذہ کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا ۔ وفد نے چینی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ چینی اساتذہ کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک ہے،پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا پارٹنر اور مضبوط ترین دوست ہے، ایسی دوستی جسے پاکستانی عوام کی وسیع حمایت حاصل ہے، ہم آپ کے دکھ، آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ چینی ناظم الامور نے سینیٹرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ کراچی میں دہشت گردی کے حملے کے بعد کسی پارلیمانی کمیٹی کا چینی سفارت خانے کا یہ پہلا دورہ تھا۔