اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعہ کو ٹیلی فون کیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور باہمی مفاد میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور پاکستان امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع البنیاد دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور اس سے باہر امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا وژن انسانی ترقی، علاقائی روابط اور پرامن ہمسائیگی پر مرکوز ہے۔
پاکستان اور امریکہ نے گزشتہ دو سالوں کے دوران کوویڈ وبائی مرض سے نمٹنے میں تعاون کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کو ماہ رواں کے آخر میں ہونے والی دوسری عالمی کوویڈ ورچول سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ سیکرٹری آف سٹیٹ کی طرف سے 18 مئی کو نیویارک میں منعقد ہونے والے گلوبل فوڈسیکورٹی سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔ وزیر خارجہ اور امریکی وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر رابطے میں رہنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔