فتح جنگ ۔6مئی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم بنتے ہی آٹا، چینی، گھی اور بجلی سستی کردیں ، عمران نیازی عوام کو گوگی بچائو مارچ کے لئے بلارہا ہے ، آنے والا دور نواز شریف اور شہباز شریف کا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فتح جنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف، شکیل اعوان، سہیل کمڑیال اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مختصر دورانیے کے نوٹس پر بجلی کے بند کارخانے دوبارہ چلوائے، مریم نواز نے کہا کہ جلسے میں کثیر تعدا دمیں لوگوں کی شرکت پر شکریہ ادا کرتی ہوں، فتح جنگ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ اور گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو وزارت عظمیٰ چھن جانے سے زیادہ تکلیف شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی ہے، عمران نیازی کو یہ تکلیف برداشت کرنے کی عادت ڈالنا ہوگی کیونکہ آنے والا دور نواز شریف اور شہباز شریف کا ہے، عمران نیازی جانتا ہے کہ اس کے دور کے بڑے بڑے گھپلے اب عوام کے سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ عمران نیازی کی بدعنوانی کو بے نقاب کرے گا، انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی نحوست عوام کا آٹا، چینی، گھی اور بجلی کھا گئی، ”نحوست“ سے نجات ملنے پر قوم شکر بجا لائی۔ مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے وزیراعظم بنتے ہی آٹا، چینی، گھی اور بجلی سستی کی جبکہ عمران نیازی کی نا اہلی کی وجہ سے بجلی کے درجنوں کارخانے بند ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف نے مختصر دورانیے کے نوٹس پر بجلی کے بند کارخانے دوبارہ چلوائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی شہباز شریف کے وزیراعظم بننے سے دماغی توازن کھو بیٹھا ہے، عمران نیازی ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، ایک دن جھوٹ بولتا ہے اور دوسرے دن خود ہی پول کھول دیتا ہے، انہوں نے کہا عمران نیازی نے 4 سال انتقامی سیاست کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کی لوٹ مار کے قصے فتح جنگ سمیت پورے ملک میں پہنچ چکے ہیں، فرح گوگی اربوں روپے لوٹ کر دبئی فرار ہو گئی جوعمران نیازی کی فرنٹ پرسن ہے، فرح گوگی کا کُھرا سیدھا بنی گالہ جاتا ہے، فرح گوگی جہاں بھی چھپے گی اسے ڈھونڈ کر پاکستان واپس لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی عوام کو آزادی کے لئے نہیں بلکہ گوگی بچائو مارچ کے لئے بلا رہا ہے، عمران نیازی جاتے ہوئے پی ایم ہائوس سے15 کروڑ روپے کی بی ایم ڈبلیوگاڑی بھی لے گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ عمران نیازی کی بدعنوانی کو بے نقاب کرے گا، چیف الیکشن کمشنر کی تعریفیں کرنے والا آج اس کے استعفے کا مطالبہ کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران نیازی لانگ مارچ کے نام پر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے جو اپنی سیاست ختم ہوتے دیکھ کر ایک اور فتنہ لے آیا ہے ۔