وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا سینئر صحافی خالد حمید فاروقی کے انتقال پر اظہار تعزیت

92

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی خالد حمید فاروقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سینئر صحافی خالد حمید فاروقی کی وفات پر بہت دکھ ہوا، خالد حمید فاروقی سنجیدہ طبیعت اور اعلی صحافتی معیار پر کاربند صحافی تھے ، وہ یورپ سے پاکستانی صحافی کے طور پر معروف تھے، حالیہ یوکرین جنگ میں بھی انہوں نے ایک نئی صحافتی تاریخ رقم کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک بہت اچھے اور محنتی انسان، قابل اور باخبر صحافی تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے خالد حمید فاروقی مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔