اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے پاسپورٹ کی تجدید کے 27000 زیر التوا اور بلاک شدہ کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے۔ساجد حسین طوری نے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش میں وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن خان کانجو اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز کو یقین دلایا گیا کہ اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا اور تمام ممکنہ حل پر غور کیا جائے گا۔
اس حوالے سے نئی سمری بھی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ساجد حسین طوری کا خیال تھا کہ دوسرے ممالک میں پاکستانیوں کی غیر قانونی امیگریشن نہ صرف بذات خود ایک مسئلہ ہے بلکہ قانونی ویزا حاصل کرنے والوں کے لیے بھی بڑی رکاوٹیں پیدا کرتی ہے ۔ ایک حالیہ واقعہ میں عراق میں 300 سے زائد پاکستانیوں کو غیر قانونی امیگریشن کے جرم میں قید کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر سال ہزاروں پاکستانی زیارت کے لیے عراق جاتے ہیں اور ایسے واقعات ان کے لیے نئے مسائل پیدا کریں گے۔ عراقی سفیر نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر مستقبل میں ایسے واقعات دہرائے گئے تو عراق اس سال پاکستانیوں کو اربعین زیارت سے روکنے پر غور کر سکتا ہے۔ساجد حسین طوری نے کہا کہ وزارت ویزہ کے مسائل کو حل کرنے اور بیرون ملک تعلیم اور روزگار کی تلاش کے خواہشمند پاکستانیوں کو قانونی ہجرت کے ذرائع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔