وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری کی ورکرز ویلفیئر فنڈ حکام سے ملاقات ، برطرف ملازمین کیس بارے میں بریفنگ

75

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری نے ورکرز ویلفیئر فنڈ حکام سے ملاقات کی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کے پی کے کے 2300 برطرف ملازمین کے کیس کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو کوئی معقول حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے برطرف ملازمین کے معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا کیونکہ سپریم کورٹ کی جانب سے نظرثانی کی درخواست خارج کردی گئی ہے۔ وزیر نے کہا کہ یہ فیصلہ ان ملازمین میں پریشانی کا باعث بنے گا جو اپنی سروس جاری رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ وہ اس کا بہترین حل تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس مقصد کے لیے وزیر لیبر خیبر پختون خوا شوکت یوسفزئی اور چیئرمین ورکرز ویلفیئر بورڈکے ساتھ ایک میٹنگ بلائی گئی ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرکے آگے کی راہ تلاش کی جائے گی۔