اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے منگل کو الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی سے متعلق امور زیر غور آئے ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات کو اقتصادی، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں فروغ دینا ہے،امریکی جامعات کا ترقی کے شعبہ میں کردار انتہائی اہم ہے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ امریکی جامعات میں پاکستانی نوجوانوں کے لئے پاک امریکہ نالج کاریڈور شروع کیا ہے ،پاکستانی طالبعلموں کے لئے امریکی ویزوں کی سہولت بڑھنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات باہمی احترام کی بنیاد پر ہی مضبوط ہو سکتے ہیں ،ہماری ترجیح ٹیکنالوجی شعبہ میں امریکی سرمایہ کاری حاصل کرنا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کی ہونہار افرادی قوت کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔امریکی ناظم الامور نے کہاکہ تعلیم کے شعبہ میں مزید تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔