پاکستان کی مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی چھاپے کی کوریج کے دوران فلسطینی صحافی شیریں ابو عقیلہ کے قتل کی شدید مذمت

72
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی چھاپے کی کوریج کے دوران فلسطینی صحافی شیریں ابو عقیلہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان کی حکومت اور عوام شیریں ابو عقیلہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے والوں کی آواز کو خاموش کرنے کی اسرائیلی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، ایسے واقعات قابض افواج کی مسلسل بربریت کو ظاہر کرتی ہے۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لیے فوری اقدام کرے جو خطے میں تنازعات، تناؤ اور عدم استحکام کو ہوا دے رہا ہے اور پوری مسلم دنیا کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کے لیے اپنی مستقل اور بلا روک ٹوک حمایت کا اعادہ کرتا ہے جو ہمیشہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک متعین اصول رہا ہے۔