اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ترکی کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے، ترکی بھی پاکستان کے ساتھ ہمیشہ مہربان رہا ہے، پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں مزید ترقی کے مواقع موجود ہیں، ترکش ایئر ویز نے دونوں ممالک میں سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یردکل سے ملاقات کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر کو وزارت قانون آمد پر خوش آمدید کہا۔ ترک سفیر نے وفاقی وزیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا جبکہ سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ترکی کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے، ترکی بھی پاکستان کے ساتھ ہمیشہ مہربان رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکش ایئر ویز نے دونوں ممالک میں سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں مزید ترقی کے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
و فاقی وزیر نے کہا کہ ترک عوام نے پاکستان کے لوگوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے، پاکستانی قوم بھی ترک عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے گلگت بلتستان اور گوادر کی اہمیت کو سیاحت کے شعبے کے حوالے سے بھی اجاگر کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے اس کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے۔ ملاقات میں وزارت قانون و انصاف پاکستان اور جمہوریہ ترکی کی وزارت انصاف کے درمیان تعاون کے معاہدے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے ترکی کے سفیر کا وزارت قانون آمد پر شکریہ ادا کیا۔