بنیادی آزادیوں کی بالادستی کے لئے جمہوری اصولوں، اطلاعات کا نظام اور معلومات کے تبادلہ تک رسائی اطلاق لازم و ملزوم ہے،وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک

42

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بنیادی آزادیوں کی بالادستی کے لئے جمہوری اصولوں، اطلاعات کا نظام اور معلومات کے تبادلہ تک رسائی اطلاق لازم و ملزوم ہے، موجودہ حکومت آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یونیسکو کے زیر اہتمام عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام یورپی یونین، ہالینڈ، سویڈن کے سفارتخانوں کے اشتراک سے کیا گیا۔ پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی، نوجوانوں، عامل صحافیوں، تعلیمی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں اور سفارت خانوں کے 50 سے زائد مندوب شریک تھے۔ اس سال کا موضوع ”ڈیجیٹل دور میں صحافت کی صورتحال” رکھا گیا تھا۔

تقریب کے دوران مختلف طریقوں سے صحافتی اقدار اور رپورٹس کی تیاری اور اسے عام کرنے کے علاوہ جدید آلات کے استعمال سے متعلق اسلوب پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء نے خبریں اکٹھی کرنے اور انہیں لوگوں تک پہنچانے کے لئے مصنوعی ذہانت کے آلات کو بروئے کار لانے کے اصولوں پر بھی روشنی ڈالی اور اس کے مثبت اور منفی پہلوئوں کو اجاگر کیا۔ شرکاء نے معلومات تک رسائی کے قوانین پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کی موجودگی میں درست اور مصدقہ معلومات کے پرچار کے حوالے سے میڈیا کے کردار کو اجاگر کیا۔

وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بنیادی آزادیوں کی بالادستی کے لئے جمہوری اصولوں، اطلاعات کا نظام اور معلومات کے تبادلہ تک رسائی اطلاق لازم و ملزوم ہے، موجودہ حکومت آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمیشن کے ناظم الامور پال گوڈبائوٹ نے ابتدائی کلمات ادا کئے اور معلومات پر مبنی فیصلہ سازی کو فعال بنانے کے لئے آزادی صحافت کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن ربیعہ جویریہ آغا نے ملک میں بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے قومی کمیشن کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ورلڈ پریس فریڈم ڈے کی تقریب کے موقع پر آزاد پریس اور درپیش چیلنجز، آزادی اظہار رائے، ڈیٹا کے تحفظ اور مصدقہ خبروں کی رسائی کے لئے مختلف اقدامات بھی تجویز کئے جس کے لئے ایک پینل مباحثے کا بھی اہتمام کیا۔ مباحثے میں ارادہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آفتاب عالم اور نگہت داد کے علاوہ ڈیجیٹل حقوق فاؤنڈیشن کے بلال عباسی اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔