چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار

52

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یو اے ای کی ترقی و خوشحالی کیلئے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان نے اہم کردار ادا کیا ہے،مسلم اُمہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے بھی ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات نے دن دگنی رات چگنی ترقی کی اور ان کی معاشی اور عوام دوستی پالیسوں کی بدولت یو اے ای نے ترقی کے بے شمار منازل طے کیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں پاکستان اور یو اے ای کے مابین تعلقات کو موثر فروغ ملا اور دونوں ممالک نے سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور سوگوارن کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی دعا کی۔