وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا شہریوں بالخصوص غیرمسلم پاکستانیوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں ، وزیراعظم شہباز شریف کی پشاور میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو پاکستانیوں کے قتل کی شدید مذمت

57

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو پاکستانیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے میں شہریوں بالخصوص غیرمسلم پاکستانیوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں، رنجیت سنگھ اور کنول سنگھ کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس دہشت گردی کے پیچھے پاکستان دشمنی ہے، ایسے دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔ وزیر اعظم نے رنجیت سنگھ اور کنول سنگھ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو یقین دلاتے ہیں کہ قاتلوں کی گرفتاری میں وفاقی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔