اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے پارلیمانی وفد نے اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کی سربراہی میں مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں چوہدری یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری پرویز اشرف، سردار جاوید ایوب، نبیلہ ایوب اور سردار امجد یوسف کی شامل تھے۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے تنظیمی امور پر بھی غور اور مشاورت کی گئی۔پارلیمانی پارٹی ممبران نےمقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مشاورت کے لیے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی جائے گی،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے۔ممبران نے قمر زمان کائرہ کو مشیر امور کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ممبران نے مشیر امور کشمیر کو آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔