او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کا بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے حقوق کی خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار

52
او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کا بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے حقوق کی خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی ازسرنو انتخابی حلقہ بندیوں، علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے اور کشمیری عوام کے حقوق کی خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور قرار دیا ہے کہ ‘حلقہ بندی’ کے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قانون کی براہ راست خلاف ورزی ہیں۔

جنرل سیکرٹریٹ نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر دیرینہ و اصولی موقف اور اسلامی سربراہی اجلاس اور او آئی سی وزرائے خارجہ کے متعلقہ فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق خود ارادیت کے لئے جنرل سیکرٹریٹ بین الاقوامی برادری اور خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیتا ہے کہ وہ اس طرح کی ‘حلقہ بندی’ کے اقدامات کے سنگین مضمرات کا فوری طور پر نوٹس لے۔