اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کام کر رہے ہیں اور انہیں بند نہیں کیا گیا ۔ ’’اے پی پی ‘‘کے ایک سوال کے جواب میں ترجمان چینی سفارتخانہ نے کہا کہ پاکستان کے مختلف کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور کنفیوشس کلاس رومز میں تمام تدریسی سرگرمیاں چینی اور پاکستانی اساتذہ اور چینی شراکت دار یونیورسٹیوں کے ذریعے آن لائن یا آف لائن طریقے سے انجام دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ26 اپریل کو جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے باہر خودکش حملے میں تین چینی شہریوں سمیت کم از کم چار افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے متعلقہ محکموں سے بات چیت کے بعد کچھ چینی اساتذہ آئندہ موسم گرما کی تعطیلات کے لئے چین واپس گئے ہیں اور درخواست کے مطابق مناسب وقت پر پاکستان واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی فریق پاکستانی طلباء کی چینی زبان سیکھنے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مزید معیاری تدریسی وسائل فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔