حکومت کلی معیشت کے استحکام، مالیاتی لچک اورمعیشت کی تیزتربحالی کیلئے اصلاحات لارہی ہے، وزیرمملکت ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا کی عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن سے ملاقات میں گفتگو

94

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وزیرمملکت برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا نے کہاہے کہ حکومت کلی معیشت کے استحکام، مالیاتی لچک اورمعیشت کی تیزتر بحالی کیلئے اصلاحات لارہی ہے، ملک کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں عالمی بینک کاکردارقابل تعریف ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنے وزیرمملکت کوڈویلپمنٹ پالیسی فنانسنگ اوررائز ٹو پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا اوربتایا کہ عالمی بینک کی معاونت سے دونوں پروگرام ملک میں اقتصادی اور مالیاتی اصلاحات کے عمل کوآگے بڑھانے کیلئے شروع کئے گئے ہیں۔ وزیرمملکت نے عالمی بینک کی ٹیم کو رائز ٹوپروگرام کیلئے پیشگی اقدامات سے آگاہ کیا،انہوں نے کہاکہ حکومت اس پروگرام کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہے، انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں مالیاتی اصلاحات لانے میں پرعزم ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیشگی اقدامات سے متعلق زیرالتوا امورپرصوبوں کے ساتھ بات چیت ہوگی۔وزیرمملکت نے کہاکہ حکومت کلی معیشت کے استحکام، مالیاتی لچک اورمعیشت کی تیزتربحالی کیلئے اصلاحات لارہی ہے،انہوں نے ملک کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں عالمی بینک کے کردار کوسراہا۔