چیئرمین نادرا کی وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات،وفاقی وزیر کا دور دراز علاقوں میں نادرا کی سپیشل رجسٹریشن وینز بھیجنےپر زور

62

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع سے ملاقات کی ۔ملاقات میں بلوچستان میں نادرا سے متعلق عوام کو درپیش مسائل زیر بحث آئے۔وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے اس موقع پر کہاکہ لوگوں کو قومی شناختی کارڈ کے حصول کیلئے طویل مسافت طے کرنے پڑتی ہے جس کے سبب بہت سے لوگ آئی ڈی کارڈ سے محروم رہ جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے چیئرمین نادرا سے دور دراز علاقوں میں نادرا کی سپیشل رجسٹریشن وینز بھیجنے اور خواتین کیلئے آئی ڈی کارڈ کے حصول کو مزید آسان بنانے اور سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے بلوچستان کی مختلف تحصیلوں اور دور دراز علاقوں میں نادرا کے دفاترکے قیام کےلئے ہدایات بھی دیں۔

مولانا عبدالواسع خواتین کی آئی ڈی کارڈ کے لیے تصویر کے بعد کمیٹی کی ویریفیکشن کے معاملے کو بھی زیر بحث لائے جس پر چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے وفاقی وزیر کی جانب سے پیش کردہ تحفظات اور مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔