جکارتہ ۔23مئی (اے پی پی):مینز ہاکی ایشیا کپ 2022 میں پاکستان نے آخری لمحات میں گول کر کے روایتی حریف بھارت کو فتح سے محروم کردیا، دونوں ٹیموں کے درمیان پول اے کا اہم میچ1-1 گول سے برابر رہا،
پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے شارٹ کارنر پر گول کیا، پاکستانی گول کیپر اکمل حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،
پول اے کے دوسرے میچ میں جاپان نے انڈونیشیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-9 سے شکست دی، پی ایچ ایف کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق پیر کو انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شروع ہونے والے 11 ویں ایشیا کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ترین میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 سے برابر ہو گیا،
پہلے کوارٹر میں بھارتی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نویں منٹ میں سالوم کھارتی کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک قائم رہی، دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا اور آخری لمحات میں گرین شرٹس کو شارٹ کارنر ملا جس پر رانا وحید نے کوئی غلطی کئے بغیر گیند جال میں پہنچا کر میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا،
پاکستانی گول کیپر اکمل حسین میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، قومی ٹیم اپنا دوسرا پول میچ (کل) منگل کو میزبان انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گی،
پول اے کے دوسرے میچ میں جاپان نے میزبان ٹیم انڈونیشیا کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 0-9 سے شکست دی، یاما ساکی نے شاندار ہیٹ ٹرک سکور کی۔