اعلیٰ عدلیہ صوبے کی فورس کے استعمال سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لے،امیرمقام

42
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام

پشاور۔31مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، انجینئر امیر مقام نے سپریم کورٹ آف پاکستان اور پشاور ہائی کورٹ پر زور دیا کہ وہ وفاقی حکومت کے خلاف صوبے کی فورس کے استعمال سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔

سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا غیر سنجیدہ بیان ہے اور عدالت عظمیٰ کو اس کا ازخود نوٹس لینا چاہیے ،خیبرپختونخوا کی فورس محمود خان کے ذاتی ملازم نہیں بلکہ ریاست پاکستان کے خادم ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی فورس کا بنیادی فرض کسی فرد کے ذاتی مفادات اور خواہشات کے تحفظ کے بجائے قانون کا نفاذ ہے،انہوں نے کہاکہ پوری قوم نے 25 مئی کو پی ٹی آئی کے سازشی مارچ کے دوران صوبے کے سرکاری وسائل بشمول اس کے ہیلی کاپٹر اور مرکز کے خلاف ایک صوبے پر دھاوا بولنا دیکھا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کے پی کے وسائل، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وسائل کے استعمال کے باوجود مارچ مکمل طور پر فلاپ ہو گیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان لانگ مارچ کے دوران مردان کے پی ٹی آئی کارکن کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔عمران خان مودی سرکار کی خارجہ پالیسی سے متاثر نظر آتے ہیں کیونکہ وہ ہر جلسے میں اس کی تعریف کرتے ہی اس سے پاکستانی عوام میں غصے کے جذبات پیدا ہوئے کیونکہ وہ مودی کو گجرات کے مسلمانوں کا قصاب اور کشمیریوں کا قاتل سمجھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران یو ٹرن کے بادشاہ ہیں ہم قبل از وقت الیکشن میں دلچسپی نہیں رکھتے، میں سوال کرتا ہوں کہ عمران خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کیوں نہیں کر رہے ہیں اور اگر وہ قبل از وقت الیکشن چاہتے ہیں تو اپنے ایم این ایز کے استعفوں کی تصدیق کیوں نہیں کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے تمام انتخابی وعدے توڑ دیے ہیں چاہے وہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر ہو یا نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں۔

انہوں نے کہا کہ عمران کو اس وقت اقتدار سے بے دخل کیا گیا جب اتحادی جماعتوں نے انہیں غیر ملکی سازش کے ذریعے نہیں بلکہ اپنے ادھورے وعدوں پر چھوڑ دیا ایسا لگتا ہے کہ عمران اقتدار کھونے کے بعد حواس کھو بیٹھے ہیں اور اب اقتدار واپس حاصل کرنے کے لیے قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، نیازی دوبارہ کبھی اقتدار میں نہیں آسکیں گے کیونکہ ان کی دوہرے معیار کی سیاست قوم کے سامنے آ گئی ہے، سابق منتخب وزیراعظم کو نہ تو غیر جانبدار امپائر پسند تھے اور نہ ہی آزاد عدلیہ، جو فیصلے ان کے حق میں آئے وہ اچھے تھے اور ان کے خلاف جو فیصلے آئے ان پر زور و شور سے تنقید ہو رہی ہے۔

امیرمقام نے کہا کہ عمران اس وقت کہاں تھا جب سوات میں عسکریت پسندی کے دوران لوگوں کو بے دردی سے مارا گیا، عمارتیں اڑا دی گئیں اور بینک لوٹے گئے اور ملاکنڈ ڈویڑن سے 30 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے۔انہوں نے عمران پر الزام لگایا کہ وہ لانگ مارچ کے فلاپ ہونے کے بعد پشاور میں روپوش ہو گئے، خیبرپختونخوا کے لوگوں نے ان کے سازشی مارچ کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ حالیہ مہنگائی، روپے کے مقابلے ڈالر میں اضافے اور غیر ملکی قرضوں کی ذمہ دار عمران حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے معیشت کو تباہ کیا اور جان بوجھ کر پیٹرولیم کی قیمتیں کم رکھیں ۔قبل ازیں امیر مقام سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ میاں گل عدنان اورنگزیب کی رہائش گاہ گئے اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔امیرمقام نے وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے سوگوار شاہی خاندان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔