پاکستان کے آئین میں مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، سپیکر قومی اسمبلی کا کانفرنس سے خطاب

414
پاکستان کے آئین میں مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، سپیکر قومی اسمبلی کا کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں ہر قسم کی مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، شخصی آزادی ہر انسان کا بنیادی حق ہے،اگر بنیادی انسانی حقوق اور آزادیاں سلب کر لی جائیں تو عوام بے چین ہو جاتے ہیں جس سےماحول میں گھٹن زدہ ہو جاتا ہے، قومی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری بھی متاثر ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک یونیورسٹی کے زیر اہتمام اسلامی تنوع اور جامعیت کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان انتہائی محبت کرنے والے لوگوں کا ملک ہے،بیرون ملک سے جو بھی آدمی پاکستان آتا ہے وہ پاکستان کی ثقافت، کلچر اور مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا،پاکستانی قوم انتہائی ملنسار اور خوش اخلاق ہے، پاکستان میں مختلف مذاہب اور نظریات سے تعلق رکھنے والے لوگ بستے ہیں۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے منانے والے باہمی احترام اور ہم آہنگی کے ساتھ مل جل کر پرامن انداز میں رہ رہے ہیں،اس کی ایک زندہ مثال ابھی ہم میں موجود ہے، ہماری اس تقریب کی میزبان سابق ممبر قومی اسمبلی آسیہ ناصر صاحبہ کا تعلق پاکستان کی معروف مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علماء اسلام سے ہے،آسیہ ناصر صاحبہ حضرت عیسی علیہ السلام کے دین کی پیروکار ہیں،اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ مثبت سوچ رکھنے والے افراد اپنے اپنے مذاہب سے تعلق رکھ کر بھی باہم مل جل کر کام کر سکتے ہیں،پاکستان کے جھنڈے کا رنگ سبز اور سفید ہے،سبز رنگ اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان کی غالب اکثریت اسلام سے تعلق رکھتی ہے،

پاکستانی جھنڈے کا سفید رنگ امن اور بھائی چارے کی علامت ہے،سفید رنگ پاکستان میں بسنے والے اقلیتی طبقات کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کی توجہ اس حقیقت کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں بر صغیر میں بسنے والی مسیحی برادری نے تحریک پاکستان کا ساتھ دیا تھا، مثال کے طور پر پنجاب کے مسیحی رکن اسمبلی نے قائد اعظم محمد علی جناح کے کہنے پر پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا، اگر اس وقت وہ خدانخواستہ بھارت کے حق میں ووٹ دے دیتے تو پنجاب کے حوالے سے مسلم لیگ مشکل کا شکار ہو سکتی تھی، پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام اس تاریخی تعاون کی وجہ سے مسیحی برادری کو عزت کی نگاہ دیکھتے ہیں،دنیا میں جتنی بھی اقوام نے ترقی کی ہے، ان سب نے جیو اور جینے دو کی پالیسی پر عمل کیا ہے، وہاں شخصی اور مذہبی طور پر مکمل آزادیاں دی گئی ہیں،

پاکستان کے آئین کے خالق ذوالفقار علی بھٹو شہید نے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کو آئینی تحفظ دیا ہے، ہمارا آئین ملک کی ترقی ،خوشحالی، امن اور اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے۔ہم نے مل جل کر پاکستان کو ترقی دینی ہے، ہمیں پاکستان کے ماحول کو بہتر سے بہتر کرتے ہوئے امن اور سلامتی کا گہوارہ بنانا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایف او آر بی اور ادارہ تحقیقات اسلامی ملک میں امن، سکون اور ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ہمیشہ سرگرم عمل رہیں گے۔