نیپرا نے بجلی کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کے ساتھ 16 روپے 91 پیسے سے 24 روپے 82 پیسے کر دیا

193
Nepra
Nepra

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مالی سال 23-2022ء کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کے ساتھ 16 روپے 91 پیسے سے 24 روپے 82 پیسےمتعین کر دیا ہے۔ جمعرات کو نیپرا سے جاری اعلامیہ کے مطابق 7 روپے 90 پیسے کا اضافہ ایندھن کی قیمت،کیپسٹی لاگت بڑھنے اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ توانائی کی قیمت خرید 1152 ارب روپے متوقع ہے جبکہ این ٹی ڈی سی اور ایچ وی ڈی سی سمیت کیپسٹی لاگت 1366 ارب روپے متوقع ہے۔

ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے مارجن اور سالانہ ایڈجسٹمنٹ سمیت سابق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کل ریونیو ضرورت ایک لاکھ 13 ہزار ایک گیگاواٹ اوور کی متوقع سیلز کے ساتھ 2805 ارب روپے کا اندازہ ہے۔ نیپرا نے ہر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ریونیو ضرورت کے مطابق ٹیرف کا تعین کیا ہے اور انہیں مختلف سطح پر ٹی او ڈی نافذ کرنے کی اجازت دی ہے۔

متعین کئے جانے والے ٹیرف کے بارے میں وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ نیپرا ایکٹ کے تحت وفاقی حکومت تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کیلئے یکساں ٹیرف کے تعین کیلئے درخواست دائر کر سکتی ہے۔ سبسڈی اور سرچارجز کو شامل کرنے کے بعد نیپرا کی طرف سے تعین کردہ یکساں ٹیرف نوٹیفکیشن کیلئے بھجوایا جاتا ہے۔ ٹیرف کے نوٹیفکیشن کے بعد صارفین سے وصولی کی جاتی ہے۔

میپکو، گیپکو، حیسکو، سپیکو، کیسکو، پیسکو اور ٹیسکو نے 21-2020ء سے مالی سال 25-2024ء کیلئے مختلف ٹیرف کوٹیشنز نیپرا میں دائر کیں۔ لیسکو، آئیسکو اور فیکسو نے بھی پہلے سے اجازت شدہ ٹیرف کے تحت سالانہ ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواستیں دیں۔

اس کے علاوہ میپکو، گیپکو، حیسکو، سپیکو، کیسکو، پیسکو اور ٹیسکو کو 5 سال کی مدت کیلئے بجلی کی تقسیم کے سرمایہ کاری پروگرام کیلئے تقریباً 406 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے۔ سابق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ٹی او ڈی لاسز مالی سال 23-2022ء کیلئے 13.46 فیصد سے کم کر کے 11.70 فیصد کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔