لاہور۔4جون (اے پی پی):صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ہفتہ کے روز احتساب عدالت میں پیش ہو ئے ہیں اور یہ مقدمات پچھلے دور حکومت میں سیاسی انتقام لینے کے لیے بنائے گئے، سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ ہمارے پچھلے دور حکومت میں مہنگائی کی شرح 4فیصد تھی اور اب مہنگائی کی شرح 14 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں کا شاخسانہ ہے، ہم نے تمام مقدمات کا سامنا کیا اور اور ہر پیشی پر عدالت کے روبرو پیش ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے پچھلے چار سالوں میں عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا، 4سال کے دوران ملک کا دوالیہ نکال دیا گیا۔
انہو ں نے کہا کہ فرح گوگی کے زریعے اربوں روپے کی کرپشن کی گئی،عمران خان نے کہا تھا کہ سائیکل پر دفتر جاؤں گا اور موصوف روزانہ ہیلی کاپٹر پر گھومتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں غریب عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور حکومت سستے آٹے کی مد میں 16 ارب روپے ماہانہ سبسڈی دے رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ پورے پنجاب میں دس کلو آٹے کا تھیلا 490 روپے میں دستیاب ہے، غریب عوام کوریلیف فراہم کرنے کے لیے ہماری حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اشیا خوردونوش اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے ہر ضلع کے سیاسی رہنما اور افسران کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے، 50لاکھ ٹن گندم کا ٹارگٹ ہم نے مکمل کیا۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نون کی حکومت تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، خلوص نیت اور درست ڈائریکشن کے ذریعے تمام مسائل پر قابو پالیا جائے گا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام وزرا سرکاری پٹرول استعمال نہیں کریں گے، سرکاری کام کے لئے بھی وزرا اپنی جیب سے پیٹرول خرچ کریں گے۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت کے پاس پیسہ عوام کی امانت ہے اور یہ پیسہ عوام کی فلاح پر خرچ کر کے یہ امانت ان کو واپس کی جائے گی ، پنجاب حکومت بجٹ میں غریب عوام کو بہت بڑا ریلیف فراہم کرے گی، عمران خان آج بھی کے پی کے حکومت کے سرکاری پیسے کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے،عمران خان خیبرپختونخوا کی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کر رہا ہے۔