گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہوگی، چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

72
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے رویوں اور طرز زندگی میں تبدیلی لانی ہوگی، اپنے آنے والی نسلوں کی حفاظت کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت آگانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے یہ بات ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کہی ہے۔

چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ عالمی یوم ماحولیات منانے کا مقصد ماحولیات کے حوالے سے بیداری پیدا کرنا اور تحفظ فراہم کرنا ہے ، بدقسمتی سے پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے حکومت اور پاکستانی عوام کو شدید چیلنجز درپیش ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایوان بالا نے ماحول دوست اقدامات کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے رویوں اور طرز زندگی میں تبدیلی لانی ہوگی اوراپنے آنے والی نسلوں کی حفاظت کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہماری سماجی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جن کا ہم سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہو گا، بحیثیت قوم ہر پاکستانی کو گلوبل وارمنگ کے خطرات سے بچنے اور ماحول کی بہتری کیلئے درخت لگانے چاہئے ۔

چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ انسانی افعال بشمول جنگلات کی کٹائی، جنگلی حیات کی آماجگاہوں کا خاتمہ اور تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلییوں نے فطری نظام کو شدید متاثر کیا ہے اگر انسانی طرز عمل یہی رہا تو حیاتیاتی نظام کے تنوع کو پہنچنے والا نقصان نہ صرف انسانیت کے لئے شدید مشکلات کا باعث ہوگا بلکہ خوراک اور صحت کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اس اہم دن کے موقع پر آئیے ہم سب ماحول کی بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کے عزم کی تجدید کریںاپنی روز مرہ زندگی میں ہمارا رویہ ماحول کے تحفظ، سلامتی اور پائیداری کے سنہری اصولوں کے عین مطابق ہونا چاہیے ،ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے بین الاقوامی معاہدوں کے دائرہ کار میں ہر ممکن تعاون یقینی بنانے کیلئے کوششیں تیز تر کرنی ہونگی۔