کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے انتہائی قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں ، پاکستانی ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ

198

اوٹاوا ۔6جون (اے پی پی):کینیڈا کے شہر اوٹاوا کے مرکز میں پاکستان کے روایتی ٹرک آرٹ کی رنگا رنگ نمائش کی گئی جہاں مرکزی شاہراہ پر ایک دیوار کو پاکستانی فنکاروں کی ایک ٹیم نے براہ راست پینٹ کیا۔ اس موقع پر کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ، اوٹاوا کے میئر جم واٹسن، سٹی کونسلر کیتھرین میک کینی اور گلوبل افیئرز کینیڈا کے حکام بھی موجود تھے۔

کینیڈا کے دارالحکومت کی مصروف بینک سٹریٹ میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستانی تارکین وطن، کینیڈین حکومت کے عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو پاکستان کے مشہور اور متحرک ٹرک آرٹ کی لائیو نمائش دیکھنے کے لیے اکٹھا کیا گیا۔ پاکستان کے ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ نے اس موقع پر شرکاءکو بتایا کہ پاکستان کا متحرک ٹرک آرٹ ملک کی ثقافت میں گہرا جڑا ہوا ہے اور ہمارے سماجی تانے بانے کا حصہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹرک آرٹ ٹرکوں اور بسوں سے دیواروں اور گیلریوں میں منتقل ہوگیا ہے اور اب یہ دنیا کے گرد چکر لگا رہا ہے اور اپنی رونقوں اور رنگوں کو ظاہر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں نمائش اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا ہے، کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے انتہائی قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور یہ ثقافتی تقریب ہماری دوستی کا مظہر ہے۔

انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کی تعریف کی اور انہیں پاکستان کے حقیقی سفیر اور سٹریٹجک اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کینیڈا اور پاکستان کی ترقی میں انتہائی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ اوٹاوا کے میئر جم واٹسن نے پاکستان کے ہائی کمیشن اور ٹرک فنکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شہر کی سفید دیوار کو لوگوں کے لیے ایک خوبصورت پرکشش مقام میں تبدیل کیا تاکہ وہ پاکستان کے ٹرک آرٹ کو دیکھ سکیں۔ انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے پاکستان کے ساتھ انتہائی مضبوط اور مثبت تعلقات ہیں۔ اس سے قبل کینیڈا کی سینیٹ میں بھی ایسی ہی ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔

ٹورنٹو سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد سینیٹر سلمیٰ عطاءاللہ جان اور سینیٹ ہیومن رائٹس کمیٹی کی چیئر نے پاکستانی ہائی کمیشن کے تعاون سے تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں دو درجن سینیٹرز اور ایم پی ایز نے شرکت کی۔ سینیٹرز نے نہ صرف فنکاروں کے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان کے ٹرک آرٹسٹ اوٹاوا میں اپنے قیام کے دوران کینیڈا کی پارلیمنٹ میں اپنے فن پاروں کی نمائش بھی کریں گے۔