ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، بابراعظم

76
ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، بابراعظم

ملتان۔7جون (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیم متوازن ہے اور ویسٹ انڈیز کیخلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹیم نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران شدید گرمی کے باوجود زبردست تیاری کی ہے۔

امید ہے کہ کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی سے شائقین کے دل جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز جیسی ٹیم کو آسان نہیں لیا جاسکتا جو کسی بھی کنڈیشن میں کھیل کا پانسہ پلٹ سکتی ہے۔ ملتان میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو جیسی سخت کنڈیشن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم سخت سے سخت کنڈیشن میں کھیلنے کی عادی ہے۔

ملتان کی جانب سے مہمان ٹیم کیلئے شاندار انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملتانی کرکٹ سے جنون کی حد تک پیار کرتے ہیں اور پہلے ون ڈے میچ کی تمام ٹکٹوں کی فروخت اس بات کا عملی ثبوت ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران نے کہا کہ انکی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے تاہم پاکستان کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم، شاداب خان اور شاہین آفریدی جیسے میچ ونر کی خدمات میزبان ٹیم کو حاصل ہیں۔لیکن ہم سخت محنت اور ٹریننگ کے بعد انہیں ہراسکتے ہیں۔ نکولس پوران نے کہا کہ ملتان کی پچ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے اور کوشش کریں گے کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں پہلے کھیل کراچھا اسکور کرکے میزبان ٹیم پر دباؤ ڈال سکیں۔