نو ٹنگھم۔8جون (اے پی پی):یونانی ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ ماریا سکاری اور چین کی شوائی ژینگ نوٹنگھم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ میزبان برطانوی ٹینس سٹار ایما راڈوکانو ابتدائی رائونڈ میں انجری کے باعث ایونٹ سے دستبردار ہوگئیں۔ نوٹنگھم اوپن کے دلچسپ اور کانٹےدار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں شروع ہوچکا ہے۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پہلے رائونڈ میں یونان کی ٹینس کھلاڑی ماریا سکاری نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کولمبین حریف کھلاڑی ماریا کیملا اوسوریو سیرانو کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 3-6سے ہراکر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ چینی ٹینس کھلاڑی شوائی ژینگ نے بھی پہلی رکاوٹ عبور کرلی ،
انہوں نے ہسپانوی حریف کھلاڑی کرسٹینا بکسا کو ٹائی بریک پر 6-7(4-7) اور 3-6 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ ے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں 19 سالہ یو ایس چیمپئن ٹینس سٹار کو نوٹنگھم اوپن کے ابتدائی رائونڈ میں سوئس کھلاڑی وکٹوریجا کے خلاف پہلے سیٹ کے دوران بائیں جانب تکلیف کے باعث میڈیکل ٹائم آئوٹ لینا پڑا۔
یہ راڈوکانو کا 2021میں یو ایس اوپن فتح کے بعد تیسرا موقع ہے جب انہیں میچ کے دوران باہر جانا پڑا۔ ایما کی انجری سے ان کی ومبلڈن کے لئے تیاریوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔