ملک کے چاروں صوبوں میں صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے مالی سال 22۔2021 کے دوران مختلف اقدامات اٹھائے گئے، اقتصادی سروے

51

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):ملک کے چاروں صوبوں میں صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے مالی سال 22۔2021 کے دوران مختلف اقدامات اٹھائے گئے، حکومت سندھ نے صحت کی سہولیات کی تعمیر ، استحکام او ر ترقی پر 199.72 ارب روپے، خیبرپختونخوا میں 124 ارب روپے، پنجاب میں 107.004 ارب روپے اور بلوچستان میں 48ارب روپے مختص کئے ۔

جمعرات کو جاری اقتصادی سروے کے مطابق پنجاب حکومت نے مالی سال 2022 کے دوران 107.004 ارب روپے صحت کے شعبہ کیلئے مختص کئے جبکہ 23.098 ارب روپے بنیادی صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سپیشلائزیشن کیلئے مختص کئے۔ اس اقدام سے 185 ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے جس سے پنجاب کے مختلف شہروں میں صحت کے شعبوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

ان سہولیات میں لاہور، ملتان، ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف ہیلتھ کیئر یونٹس کی اپ گریڈیشن اور زچہ و بچہ ہسپتال اٹک، راجن پور اور بہاولنگر کی استعداد کار میں اضافہ کے اقدامات شامل ہیں۔ سندھ میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، تعمیر اور بحالی پر 199.72 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو، آر ایچ ایس جیسی صحت کی سہولیات کی اپ گریڈیشن کے منصوبے شامل ہیں جبکہ 6 میڈیکل کالجز کی تعمیر کے بھی منصوبے رکھے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے بجٹ میں صحت کے شعبہ کیلئے 124 ارب روپے رکھے گئے جسے بڑھا کر 142 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

صوبے میں ہیلتھ انشورنس کو فروغ دیا گیا ہے اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا۔ بلوچستان حکومت نے 21۔2020 میں صحت کے شعبہ کیلئے 31.4 ارب جبکہ مالی سال 2022 میں بڑھا کر 48 ارب روپے کئے ہیں جو سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت بلوچستان میں صحت کے شعبہ کی ترقی پر خرچ کئے جائیں گے جس کیلئے 191 ترقیاتی سکیمیں شروع کی گئی ہیں جن میں 86 نئی سکیمیں اور 105 جاری سکیمیں شامل ہیں۔