ملتان۔12جون (اے پی پی):ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 270رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستان نے 48اوورز میں 9کھلاڑیوں کے نقصان پر269رنز بنائے۔گردآلودہواچلنے کی وجہ سے میچ کو 48اوورز تک محدود کیاگیاتھا۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان ٹیم نے شاہین آفریدی اور حارث روف کی جگہ شاہنواز دھانی اور حسن علی کوشامل کیاجبکہ ویسٹ انڈیز نے بھی تین تبدیلیاں کیں۔ اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے شاہنواز دھانی کوون ڈے کیپ پیش کی ۔
پاکستان کی جانب سے اوپننگ کے لیے فخر زمان اور امام الحق آئے جنہوں نے پاکستان کا 85رنز تک پہنچادیا۔17ویں اوور کی چوتھی بال پر ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران نے اپنی پہلی انٹرنیشنل وکٹ حاصل کی ۔انہوں نے فخر زمان کو 35رنز پر آﺅٹ کیا۔
اس کے بعد پاکستانی کھلاڑی مجموعی سکور میں خاطرخواہ اضافہ نہ کرسکے اوروالش نے کپتان بابر اعظم کوصفر پر آؤٹ کردیا۔اس کے بعد 113کے سکور پر پوران نے امام الحق اور حارث کو آؤٹ کردیا۔ پوران نے ا گلے ہی اوورمیں محمد رضوان کوبھی پویلین کی راہ دکھائی۔
اس کے بعد شاداب خان اورخوشدل شاہ نے91بالز کھیل کر 84رنز بنائے ۔خوشدل شاہ عقیل حسین کی بال پر بولڈ ہوگئے جبکہ محمد نواز بھی صرف8رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔پال نے وسیم کو آؤٹ کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔شاداب خان 86رنز بنا کر جیڈن سیلز کی بال پربولڈ ہوگئے۔